کراچی اسٹاک 2 روزہ مندی کے بعد انڈیکس میں 217 پوائنٹس کی ریکوری

کراچی اسٹاک  2 روزہ مندی کے بعد انڈیکس میں  217 پوائنٹس کی ریکوری

کے ایس ای 100انڈیکس 34000,33900اور34100پوائنٹس کی 3بالائی حدیں عبورکرتاہوا 34110.97پوائنٹس پر پہنچ گیا

پٹرولیم ،توانائی اوربینکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی ،کاروباری لین دین 4کروڑ حصص زائد رہا ،مارکیٹ سرمائے میں 20 ارب بڑھ گئے کراچی (بزنس رپورٹر)کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 2 روز کی مندی کے بعد بہتر ریکوری دیکھی گئی اور مارکیٹ سے مندی کے بادل چھٹ گئے ،بدھ کوکاروباری تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100انڈیکس 34ہزارپوائنٹس کی بلندسطح کوعبورکرگیاجبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 20ارب سے زائد روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا، کاروباری لین دین بھی منگل کی نسبت تقریباً4کروڑ حصص زائد رہا۔2روزہ مندی کے بعد بدھ کوکراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کارجحان غالب رہا۔پٹرولیم ،توانائی اوربینکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی اورمنافع بخش حصص کی خریداری کے سبب کاروبار کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 34000,33900 اور 34100پوائنٹس کی 3بالائی حدیں عبورکرتاہوا 34110.97 پوائنٹس پرجاپہنچا،تاہم مقامی انسٹی ٹیوشنزاوربروکریج ہاؤسز کی جانب سے زیادہ منافع والے حصص کی فروخت کے باعث انڈیکس 34100پوائنٹس کی نفسیاتی حدسے نیچے گرگیا،تاہم کاروبار کے اختتام پر100انڈیکس 217.59پوائنٹس بڑھ کربندہوااور100 انڈیکس 33843.83پوائنٹس سے بڑھ کر 34061.42پوائنٹس پر جا پہنچا، اسی طرح 154.18 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 20301.44 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 69پوائنٹس اضافے سے 3690.38پوائنٹس سے بڑھ کر23759.65پوائنٹس پربند ہوا ۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں20ارب 48کروڑ19لاکھ 91ہزار468روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 72کھرب 9ارب 5کروڑ78لاکھ 10ہزار809روپے سے بڑھ کر72کھرب 29ارب 53کروڑ98لاکھ 2ہزار277روپے ہوگیا۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روزمجموعی طورپر392کمپنیوں کاکاروبار ہوا جس میں سے 209کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،163میں کمی اور20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے اعتبار سے باٹاپاک کے بھاؤمیں 139.30روپے اورکولگیٹ پامولیوکے بھاؤمیں 69.84روپے کااضافہ ہوا جبکہ نیسلے پاک کے بھاؤمیں 473.08روپے اوریونی لیورفوڈز کے بھاؤمیں 370روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں