اسلامی بینکاری کا فروغ، بینک الفلاح کا آئی ایم سائنسز پشاور سے اشتراک

اسلامی بینکاری کا فروغ، بینک الفلاح کا آئی ایم سائنسز پشاور سے اشتراک

تقریب میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی شرکت،غیرمعمولی کارکردگی پر بینک کی کاوشوں کو سراہا

معاہدہ اسلامی بینکاری کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریگا ،صدربینک الفلاح عاطف باجوہ کراچی (بزنس رپورٹر)بینک الفلاح نے ملک میں اسلامی بینکاری کی ترقی اور فروغ کے لیے آئی ایم سائنسز پشاور کے ساتھ اشتراک کرلیا ہے ،یہ اقدام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں مؤثر اور متحرک اسلامی بینکاری نظام کی تشکیل کیلئے بینک الفلاح کے دیرینہ عزم کی ترجمانی کرتے ہوئے اٹھایا گیا ہے ۔اسٹیٹ بینک کی معاونت سے خدمات انجام دینے والے سینٹر فار ایکسی لینس ان اسلامک فنانس (سی ای آئی ایف)، آئی ایم سائنسزپشاور کے ساتھ بینک الفلاح کے اس تاریخی معاہدے پر بینک الفلاح کے کراچی میں واقع لرننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر میں دستخط کیے گئے ،معاہدے کی تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ بینک الفلاح کے سی ای او اور صدر عاطف باجوہ اور سی ای آئی ایف کے سربراہ ڈاکٹر کریم اﷲ نے دستخط کیے ۔اس موقع پر اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمدنے اسلامی بینکاری سے متعلق خصوصی تربیتی پروگرامز کے انعقاد اور افرادی صلاحیتوں کی بہتری کیلئے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بینک الفلاح کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقات کی ضرورتوں کے مطابق متنوع مالیاتی خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے شرعی اصولوں کے مطابق تخلیقی پراڈکٹس متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں متحرک اور ترقی میں معاون اسلامی بینکاری ماڈل متعارف کرانے کے لیے سی ای آئی ایف کے ساتھ ہونے والی شراکت داری پر بے حد مسرور ہیں، یہ معاہدہ ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے بینکاری کی خدمات سے محروم افراد میں اسلامی بینکاری کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں