پاور پلانٹ کی تعمیر،فوجی فرٹیلائزر اور حبکو میں معاہدہ
تھر میں کوئلے کے 330میگاواٹ پاور پلانٹ راہداری منصوبے کا حصہ ہے
کراچی(بزنس رپورٹر)فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ اور ملک کی سب سے بڑی آئی پی پی حبکونے تھر میں کوئلے کے 330میگاواٹ پاور پلانٹ کی تعمیرکیلئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں،معاہدے پر حبکو، فوجی فرٹیلائزر اورچائنا مشینری اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن کے درمیان اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں دستخط ہوئے ،یہ پاور پلانٹ بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے ،پاورپلانٹ تھر انرجی لمیٹڈکے تحت تعمیر کیا جارہاہے اور تھر بلاک II کے کوئلے سے چلایا جائے گا،واضح رہے کہ تھر بلاک IIمیں حبکو کی 8فیصد ایکویٹی ہے ، تھر انرجی کے شیئر ہولڈنگ معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے فوجی فرٹیلائزر کے چیف ایگزیکٹو اور منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفقات احمد نے کہاکہ تھر انرجی میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے 30فیصداورچائنا مشینری اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن کے 10فیصد اور بقیہ 60فیصد حصص حبکو کے ہوں گے ، انہوں نے امید کا اظہا رکیا کہ یہ منصوبہ مقامی کوئلے کا استعمال کرتے ہوئے ملک میں بجلی کی قلت سے نمٹنے کے حکومتی مقصد میں مددفراہم کرنے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے حصص یافتگان کے مفاد میں کی گئی طویل المدتی سرمایہ کاری کیلئے بھی سود مند ثابت ہوگا،اس موقع پر حبکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد منصورنے کہاکہ تھر میں کوئلے کے ذخائر پاکستان کیلئے ایک گیم چینجرہیں اور یہ مستقبل میں ملک میں توانائی کا اہم ذریعہ ہوں گے ۔