بل ادائیگی،35لاکھ دکانداروں کا فائدہ ہوگا:لاہور چیمبر
لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے چھوٹے تاجروں اور ورکرز کیلئے امدادی پیکیج کا خیر مقدم کیا
لاہور(اے پی پی )اور کہا سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 50ارب روپے جبکہ ورکرز کیلئے 75 ارب روپے کا پیکیج انہیں کوروناوائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہونگی۔ پیکیج کے تحت وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری شعبے کے تین ماہ کے بجلی کے بل ادا کرے گی ، اس سے 35 لاکھ دکانداروں کو فائدہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومت کو کچھ اضافی اقدامات کرنا ہوں گے ، حکومت چھوٹے کاروباروں سے مارک اپ کی وصولی کم از کم چھ ماہ کیلئے موخر کرے ، بلاسود قرضوں کیلئے سکیم متعارف کرائی جائے اور رجسٹرڈ ایس ایم ایز کیلئے کریڈٹ کی حد ان کے بجلی کے بل کی رقم سے دس گنا بڑھائی جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت صنعت، تجارت اور عوام کو یوٹیلیٹی بلز کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ریلیف مہیا کرے گی۔