ٹیکس گزار کی سہولت کیلئے آن لائن ماڈیول متعارف کرایا، اسٹیٹ بینک

 ٹیکس گزار کی سہولت کیلئے آن لائن ماڈیول متعارف کرایا، اسٹیٹ بینک

صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو بینکنگ سے متعلق مشکلات کا ازالہ کرینگے ،امجد علی

کوئٹہ(این این آئی)اسٹیٹ بینک کے ریجنل چیف منیجر امجد علی عمرانی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر غلام محمد ، بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ممبر نصیب اللہ عمرانی اور ڈپٹی کمشنر نویدبلوچ نے کہا ہے کہ آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول ٹیکس گزار کی سہولت اور انہیں ٹیکسز جمع کرانے کے دوران درپیش مشکلات سے چھٹکارہ دلانے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے ، صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو بینکنگ سے متعلق درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول سے متعلق آگاہی سیشن کے موقع پر کیا۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس کے صدر فدا حسین دشتی ، نائب صدر امجد علی صدیقی و دیگر ممبران نے اسٹیٹ بینک کوئٹہ ریجن اور بلوچستان ریونیواتھارٹی کے حکام کو چیمبر آنے پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو ٹیکس دھارے میں شامل کرنے کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکس گزاروں کو ٹیکسز جمع کرانے کے دوران مشکلات کا خاتمہ کیا جائے ۔ انہوں نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی جانب سے آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول متعارف کرانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیکس گزاران کیلئے سہولت کا سامان کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں