ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ٹولزپر توجہ مرکوز کرنا ہو گی،اعجاز الرحمان
لاہور (آن لائن،اے پی پی)چیئر مین کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ٹولزپر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔
کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سیل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جہاں پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ افراد کو اپنی مصنوعات کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ افراد سے ملاقات میں کیا ۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کیلئے استعمال ہونے والے سوشل میڈیا کے تمام ٹولز پر دسترس حاصل کرنا نا گزیر ہے ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ اپنے خریداروں سے رابطے میں رہنے کا بھی موثر ذریعہ ہے ۔ ہم حکومت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ برآمدات سے متعلقہ وزارت میں برآمدی شعبوں کیلئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کاالگ شعبہ متعارف کرایا جائے جہاں یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبہ کو جوائنٹ ونچر کے تحت ذمہ دار ی سونپی جائے ،اس اقدام سے ملکی مصنوعات کی مؤثر مارکیٹنگ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔