ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر 10سال قید

ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر 10سال قید

کراچی (دنیا نیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کے چیئرمین مسرور خان کا کہنا ہے ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر 10 سال تک قید ہو گی۔پیر کوایف پی سی سی آئی میں کاروباری برادری سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے۔۔

 انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کا اہم رول ہے ،پاکستان میں آئل اینڈ گیس سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، گیس کی قلت کو دور کرنے کیلئے اوگرا کا ٹارگٹ ہے کہ 2.8 ملین ٹن سیلنڈرز بنائیں جس کی مالیت 107 ملین ڈالرز بنتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کا 1.3 فیصد ذریعہ ایل پی جی ہے ، ملکی گیس 3 ارب ایم ایم ایس ایف ڈی رہ گئی ہے ، ملک میں 28 لاکھ سلنڈرز کی ضرورت ہے ۔مسرور خان نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈرز کا معیار چیک کرنے کیلئے لیبارٹری لگائیں گے ، ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے اور 10 سال تک قید ہو گی۔چیئرمین اوگرا کاکہنا تھا کہ کراچی میں ایل پی جی غیر قانونی طریقے سے فروخت ہورہی ہے جس طرح سے ایل پی جی کی فیلنگ ہورہی ہے اور فروخت کی جارہی ہے وہ بڑے حادثے کا باعث ہوسکتی ہے ۔چیئرمین اوگرا نے اعلان کیاکہ ہم حکومت کے ساتھ مل کر ملک بھر کیلئے نئی ایل پی جی کی پالیسی بنارہے ہیں ، اوگرا کی ٹاسک فورس ٹیمیں ایل پی جی کی معیار کو بہتر کرنے کیلئے آپریشن کریں گی، اوگرا کے لائسنس حامل افراد کو ہی گیس خریدنے اور بیچنے کی اجازت ہے ، ایل پی جی سیکٹر کو بہتر اور حادثات سے محفوظ بنانے کیلئے وقت درکار ہے ، ناقص سیلنڈر کی خریداری موت خریدنے کے مترداف ہے ۔اس موقع پر ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے رکن تیمور خان نے کہا کہ 450 فیکٹریاں غیر معیاری سلنڈر بنا رہی ہیں، کیا اوگرا نے کبھی فیکٹریوں پر چھاپہ مارا ہے ؟ چند سال میں ایل پی جی کا استعمال 3 گنا ہو جائے گا، گوجرانوالہ فیکٹریز کا دورہ کیا تو وہ جنازے کا بہانہ بنا کر فیکٹریز بند کر گئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں