1فیصد ٹرن اوور پر مبنی فکسڈ ٹیکس رجیم برقرار رکھنے کا مطالبہ

1فیصد ٹرن اوور پر مبنی فکسڈ ٹیکس رجیم برقرار رکھنے کا مطالبہ

کراچی(بزنس ڈیسک)سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان(ایس ایم اے پی)نے وفاقی بجٹ 2024 میں برآمدکنندگان کے منافع پر 1 فیصد ٹرن اوور پر مبنی فکسڈ ٹیکس رجیم کو تبدیل کرکے 29 فیصدکرنے کی تجویز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے۔۔۔

 حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس تجویز کو فوری مسترد کیا جائے اور برآمد کنندگان کیلئے 1 فیصد ٹرن اوور پر مبنی فکسڈ ٹیکس رجیم کو برقراررکھا جائے، بصورت دیگر ملکی برآمدات پر اس اقدام کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ چیئرمین قاسم یعقوب پراچہ نے ایک بیان میں متنبہ کیا کہ یہ تبدیلی برآمدات کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ مزید معاشی بحران کو روکنے کیلئے برآمدات کو ایف ٹی آر سے ہٹانے کی تجویز کسی صورت بھی قبول نہ کی جائے، ہم وفاقی بجٹ میں فکسڈ ٹیکس نظام کے مجوزہ خاتمے کی شدید مخالفت میں پاکستان کی برآمدی صنعتوں کے ساتھ متحد ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مذکورہ بجٹ تجاویز پر عمل درآمد کے نتیجے میں ٹیکس حکام کی طرف سے ہراساں کرنے اور بدعنوانی میں اضافہ ہوگا، نیز کاروبار کیلئے غیر یقینی کی فضا پیدا ہوگی جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوگا اور وہ سرمایہ کاری نہیں کریں گے ۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ معیشت کے بہتر ترین مفاد میں برآمدات کو ایف ٹی آر سے ہٹانے کی تجویز پر نظر ثانی کرے بصورت دیگر تاجر وصنعتکار برادری اس کی مخالفت میں ملک گیر سطح پر اٹھ کھڑی ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں