دو روز میں روئی کی قیمت 2ہزار روپے من گھٹ گئی

دو روز میں روئی کی قیمت 2ہزار روپے من گھٹ گئی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مقامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں غیر معمولی مندی کا رجحان غالب ہوگیا۔

دو روز میں فی من روئی کی قیمت 2 ہزار روپے جبکہ فی 40 کلوگرام پھٹی کی قیمت 1ہزار روپے گھٹ گئی۔ قیمتوں میں نمایاں کمی سے کاشتکار اور کاٹن جنرز کے دیوالیہ ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ ملک میں گندم، چاول، مکئی اور سرسوں کے بعد اب کپاس کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ مندی سامنے آنے سے زرعی معیشت تاریخ کے بد ترین معاشی بحران کا شکار ہے ۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پچھلے کچھ عرصے سے جاری معاشی بحران، بجلی و گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے اور ٹیکسز میں حالیہ اضافے کے باعث ملک بھر میں مزید ٹیکسٹائل ملز کے غیر فعال ہونے سے روئی کی خریداری کم ہونے کے ساتھ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی روئی کی قیمتوں میں مسلسل مندی کے باعث پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں غیر معمولی مندی کا رجحان سامنے آیا ہے ۔صرف دو روز میں پاکستان میں روئی کی قیمتیں 2 ہزار روپے فی من مندی کے بعد پنجاب میں 17 ہزار روپے جبکہ سندھ میں 16 ہزار 500روپے فی من تک گر گئی جبکہ پھٹی کی قیمتیں ایک ہزار روپے فی چالیس کلو گرام مندی کے بعد پنجاب میں سات ہزار 500روپے جبکہ سندھ میں سات ہزار روپے تک گر گئی ہیں جبکہ ان کی قیمتوں میں مزید مندی کا رجحان بھی متوقع ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں