قیادت کی مشعل نوجوانوں تک منتقل کرنے کا وقت آ گیا :بائیڈن

قیادت کی مشعل نوجوانوں تک منتقل کرنے کا وقت آ گیا :بائیڈن

واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ قیادت کی مشعل نوجوانوں تک منتقل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔۔۔

جمہوریت کی مضبوطی،ملکی اتحاد کیلئے انتخابات سے دستبردار ہوا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدارتی انتخابات سے اپنی دستبرداری کے اعلان کے  بعد امریکی عوام سے پہلی مرتبہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔اوول آفس سے اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں صدر نے کہا کہ جمہوریت کا دفاع داؤ پر لگا ہوا ہے ، جو کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے ۔ انہوں نے کہامیں نے فیصلہ کیا ہے کہ آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قیادت کی مشعل کو نئی نسل کو منتقل کردیا جائے ۔ یہی ہماری قوم کو متحد کرنے کا بہترین طریقہ ہے ۔بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا کی سب سے بہترین بات یہی ہے کہ یہاں بادشاہ یا آمر حکمرانی نہیں کررہے ۔ یہاں عوام کی حکمرانی ہے ۔انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ووٹرز سے جمہوریت کے دفاع کی اپیل کی ۔خیال رہے کہ ٹرمپ کے خلاف ایک مباحثے میں بری کارکردگی کے بعد ان پر صدارت کی دوڑ سے الگ ہوجانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا تھا۔ ان کی عمر اور ذہنی صحت کے حوالے سے بھی کئی طرح کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے ۔دریں اثنا ریپبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ نے صدر بائیڈن کی تقریر پر حسب عادت طنز کرتے ہوئے کہایہ تقریر بہت بری اور بمشکل قابل فہم تھی۔ٹرمپ نے شمالی کیرولینا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کملا ہیرس کو اسقاط حمل سے متعلق ان کے موقف پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کو پھانسی دینے کے حق میں ہیں۔ وہ حمل کے آٹھویں اور نویں مہینے میں اسقاط حمل چاہتی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں