تاجروصنعتکاروں کا شرح سود میں 4فیصد کمی کا مطالبہ
کراچی (بزنس ڈیسک)تاجروصنعتکاروں نے حالیہ مہنگائی میں کمی کے پیش نظر شرح سود میں 4 فیصدکمی کامطالبہ کردیا۔
وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر اور ریجنل چیئرمین و نائب صدرذکی اعجاز نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کا مسئلہ فوری حل کیا جائے ۔آئی پی پیز پر بنائی گئی ٹاسک فورس جلد اپنا فیصلہ کرے ،تاخیر سے پاکستانی ایکسپورٹ کو بڑا نقصان ہوگا۔صنعتوں اور عام آدمی کیلئے بجلی کی قیمت کم کی جائے ۔موجودہ شرح سود اور بجلی کے ریٹ پر صنعتیں چلانا ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ بلند سطح پر شرح سود اور روپے کی قدر میں کمی کاروبار کو شدیدمتاثر کر رہے ہیں۔ شرح سود کو فوری طور پر 4 فیصد کم کیا جائے ۔ علاوہ ازیں ملک میں نئی مانیٹری پالیسی کے اعلان سے قبل کاٹی کے صدر جوہر قندھاری نے موجودہ 9 فیصد مہنگائی اور افراط زر کے مطابق شرح سود میں 4 فیصد کمی کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود میں فوری کمی ضروری ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھایا جا سکے ، قرضے لینے کے اخراجات کم کیے جا سکیں اور کاروباری سرگرمیاں، سرمایہ کاری، ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ اقتصادی ترقی حاصل کی جاسکے ۔ اس اقدام سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں (ایس ایم ایز) اور بڑی صنعتوں کو اہم مدد ملے گی، جو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔