اسٹاک ایکسچینج :مندی، 82000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح دوبارہ گرگئی

اسٹاک ایکسچینج :مندی، 82000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح دوبارہ گرگئی

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے سبب انڈیکس کی 82000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح دوبارہ گرگئی۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی پاکستان کے لیے 37 ماہ پر مشتمل 7 ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کی منظوری کی خبر پر فوری منافع کے حصول کے خواہشمندوں کی سرگرمیوں سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج جمعرات کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کی زد میں رہی۔مندی کے سبب 59.23 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 71 ارب 41 کروڑ 32 لاکھ 56 ہزار 926 روپے ڈوب گئے ۔ کاروبار کے آغاز پر مثبت سینٹی منٹس کی وجہ سے مارکیٹ میں ایک موقع پر 658 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہنڈریڈ انڈیکس 82905 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔دوپہر کے بعد پاور جنریشن آئل اینڈ گیس سمیت انڈیکس کے دیگر شعبوں میں بڑھتی ہوئی فروخت کے سبب مارکیٹ مندی کے گرداب میں چلی گئی جس سے ایک موقع پر 695 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی،تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ،نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 589.95 پوائنٹس کی کمی سے 81657.97 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں