معاشی دبائو بدلتی دنیا کے چیلنجز، ہر نسل نے پاکستان کو اسی موڑ پر کھڑا دیکھا : بلاول بھٹو

معاشی دبائو بدلتی دنیا کے چیلنجز، ہر نسل نے پاکستان کو اسی موڑ پر کھڑا دیکھا : بلاول بھٹو

وردی میں ہوں یا سول، پاکستان کی خدمت کا عزم تاحیات ہونا چاہیے ، مسلح افواج نے دوبارہ ثابت کیا ملکی سرحدیں مکمل محفوظ والد دوبار صدر بنے ساڑھے تیرہ برس سیاسی قیدی رہے ،جب راستہ واضح نہ ہو دیانت کا انتخاب کریں:کیڈٹ کالج میں خطاب

جامشورو،حیدرآباد (نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیڈٹ کالج پٹارو میں 63ویں سالانہ پیرنٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس ممتاز تعلیمی ادارے کی روشن و پائیدار روایت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج پٹارو نے اپنے طلبہ کی کردار سازی، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں ناقابل فراموش اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے ،یہ محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایسا مقام ہے جہاں نظم و ضبط شناخت بن جاتا ہے اور ذمہ داری فطرت کا حصہ۔ انہوں نے کیڈٹس کو ایک کٹھن اور باوقار سفر کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ استقامت، ڈسپلن اور وابستگی نے انہیں دوسروں سے ممتاز کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ کسی قوم کی اصل طاقت صرف اس کے ہتھیاروں میں نہیں بلکہ اس کے کردار میں ہوتی ہے ، آج پاکستان ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جو ہر نسل نے پہلے بھی دیکھا ہے ، ہمیں معاشی دباؤ، علاقائی غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی دنیا جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ شارٹ کٹس کے بجائے دیانت، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت اور آسائش کے بجائے جرأت کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا چاہے وردی میں ہوں یا سول زندگی میں، پاکستان کی خدمت کا تاحیات عزم ہونا چاہیے ۔ قومی چیلنجز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول نے کہا پاکستان نے بارہا اپنے عزم و اتحاد کے ذریعے ملکی خودمختاری کا دفاع کیا ہے، جس کی تازہ مثال مسلح افواج کا پیشہ ورانہ اور پرعزم ردِعمل ہے۔

مسلح افواج نے دوبارہ ثابت کیا کہ پاکستان کی سرحدیں مکمل محفوظ ہیں۔ یہ عسکری کے ساتھ اخلاقی کامیابی بھی تھی۔ انہوں نے کہا حال ہی میں ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر یہ فتح ثابت کی اور پیشہ ورانہ مہارت، بھرپور تیاری اور متحد کمانڈ کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا اور ایک واضح عسکری کامیابی حاصل کی، یہ کامیابی محض عسکری نہیں بلکہ اخلاقی بھی تھی، جس نے دنیا کو یاد دلایا کہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستان مضبوط، منظم اور پرعزم کھڑا رہتا ہے۔

بلاول نے کہا کہ یہ ادارہ میرے خاندان کے لیے بھی ذاتی اہمیت رکھتا ہے ، میرے والد آصف علی زرداری بھی کبھی اسی مقام پر کھڑے تھے جہاں آج آپ کھڑے ہیں، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ واحد سویلین ہیں جو دو مرتبہ صدر منتخب ہوئے، انہیں یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ ساڑھے تیرہ برس سیاسی قیدی کے طور پر گزارے ، یہاں طالبعلموں کو سکھایا جاتا ہے کہ نظم و ضبط سزا نہیں بلکہ آزادی ہے۔ بلاول نے کیڈٹس کو مشورہ دیا جب راستہ واضح نہ ہو دیانت کا انتخاب کریں، جب دباؤ زیادہ ہو نظم و ضبط پر بھروسہ کریں اور جب وطن پکارے جرأٔت کے ساتھ لبیک کہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں حوصلے اور ثابت قدمی کا کبھی فقدان نہیں رہا اور عوام متحد رہے تو پاکستان کبھی ناکام نہیں ہوگا،پاکستان عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام بنا چکا ہے اور اپنی خود مختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں