ٹی ایف اے سے عالمی پیداوار 0.5 فیصد تک بڑھ سکتی،ڈبلیو ٹی او

 ٹی ایف اے سے عالمی پیداوار 0.5 فیصد تک بڑھ سکتی،ڈبلیو ٹی او

اسلام آباد(اے پی پی)عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیوٹی او)نے کہاہے کہ تجارتی سہولیات کی فراہمی کے معاہدے ٹی ایف اے کے نفاذ سے عالمی برآمدات میں سالانہ بنیادوں میں 2.7 فیصد اور مجموعی عالمی پیداوارمیں 0.5 فیصد تک اضافہ متوقع ہے ۔

یہ بات ڈبلیوٹی اورکی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے ۔بیان میں کہاگیاہے کہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے تجارتی سہولت معاہدے کے نفاذ سے عالمی تجارت میں رکاوٹیں کم کرنے میں مددمل رہی ہے ، اس معاہدے کا مقصد بین الاقوامی تجارت کو آسان بنانا اور خاص طور پر ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے تجارت کی لاگت کو کم کرنا ہے ۔ معاہدے کی مختلف شقیں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ سرحد پار اشیا کی نقل و حرکت تیز اور آسان ہو۔ معاہدے کے تحت عالمی تجارتی تنظیم کے اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درآمد اور برآمد کے قوانین اور طریقہ کار سے متعلق معلومات کو آن لائن شائع کریں ،تاکہ تاجروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ بیان کے مطابق معاہدے پر مکمل عملدرآمد سے ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے تجارت کی لاگت میں اوسطا 14.3 فیصد کی کمی متوقع ہے جبکہ افریقی ممالک اور کم ترقی یافتہ ممالک میں یہ کمی اور بھی زیادہ ہو سکتی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں