اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 56فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس ڈیسک)افراط زر کی شرح 6.9 فیصد کے ساتھ 24ماہ کی کم ترین سطح پر آنے اور۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی کی شرح مزید گھٹنے سے شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل چار روزہ مندی کے بعد منگل کو تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔تیزی کے باعث 56 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 92ارب 70کروڑ 05لاکھ 56ہزار 537روپے کا اضافہ ہوگیا۔ غیرملکیوں کی جانب سے حصص کی آف لوڈنگ رکنے اور سیمنٹ پاور جنریشن، فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔ ایک موقع پر 866پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ،نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 690.39 پوائنٹس کے اضافے سے 81804.59پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 235.33پوائنٹس کے اضافے سے 26011.31 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 452.33پوائنٹس کے اضافے سے 52266.56پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 2050.33پوائنٹس کے اضافے سے 126801.49 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم پیر کی نسبت 20.49 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 35کروڑ 90لاکھ81ہزار 585 حصص کے سودے ہوئے۔