اسٹاک ایکسچینج :ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری، 85 ہزارکی حد عبور
کراچی(آن لائن،بزنس ڈیسک)اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ سازی کا سلسلہ جاری ہے، منگل کو اسٹاک مارکیٹ نے 85 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر کے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس 753 پوائنٹس کے اضافے سے 85663 پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 94ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 111 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جب کہ 40.08 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ماہرین تیزی کو مثبت معاشی اشاریوں اور تیل اور گیس کے شعبے میں بڑے پیمانے پر خریداری سے منسوب کررہے ہیں۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 243.70 پوائنٹس کے اضافے سے 27441.13 پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 54022 پوائنٹس سے بڑھ کر 54485 پوائنٹس پر جاپہنچا۔ مجموعی سرمایہ بڑھ کر 111 کھرب 72 ارب روپے ہوگیا۔ منگل کو33ارب روپے مالیت کے 50 کروڑ 65 لاکھ 65 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو30ارب روپے مالیت کے 44 کروڑ 95 لاکھ 7 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ مجموعی طور پر 448 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 193 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 194 میں کمی اور61کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے حب پاور کمپنی 4 کروڑ 58 لاکھ، پاک پٹرولیم 2 کروڑ 15 لا کھ اور پاک ریفائنری 2 کروڑ 13 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔