پاکستان بزنس فورم کا آذربائیجان کے نجی شعبے سے معاہدہ
کراچی(این این آئی)علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ایک اہم قدم کے طور پر پاکستان بزنس فورم کی سینئر نائب صدر آمنہ منور اعوان نے۔۔۔
ڈیجیٹل ڈپلومیسی میں وسطی ایشیا اور آذربائیجان کے ڈائریکٹر بابک حسینلی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، معاہدے کا مقصد اقتصادی سفارتکاری کو فروغ دینا ہے، جس سے سنرج فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ سے آذربائیجان اور وسیع تر وسطی ایشیائی خطے کو اعلی معیار کی غذائی مصنوعات کی برآمد میں سہولت ملے گی۔ ایم او یو پاکستان اور ان ممالک کے درمیان ایک جامع تجارتی نیٹ ورک کی بنیاد ہے۔ معاہدے کے تحت حسینلی کی فرم آذربائیجان میں ایک جدید ترین گودام، ایک تجارتی ڈسپلے سینٹر اور ایک دفتر قائم کریگی۔ آمنہ منور اعوان نے شراکت داری کے انقلابی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس سے نہ صرف دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ خطے میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کو بھی راغب کیا جاسکے گا۔