بھارت پاکستان کی میزبانی میں بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے دستبردار

بھارت  پاکستان  کی  میزبانی  میں  بلائنڈ ٹی  ٹونٹی  ورلڈکپ  سے دستبردار

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ سے بھارت دستبردار ہوگیا۔بھارتی حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے اجازت نامہ دینے سے انکار کیا تھا۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیلندرا یادیو نے بھارت کی ٹی20 ورلڈکپ سے دستبرداری کی تصدیق کی ہے ۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں میگا ایونٹ کے لیے جانے سے متعلق اجازت نامہ وزارت کھیل نے جاری کیا تھا۔ وزارت کھیل کے بعد ٹیم کو بھارتی وزارت داخلہ اور خارجہ سے این او سی جاری ہونا تھا۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے این او سی دینے سے انکار کیا ہے لیکن اب تک تحریری آگاہی نہیں دی ہے ۔ شیلندر یادیو نے کہا کہ 25 روز سے حکومتی اجازت کا انتظار کر رہے تھے ، ہم اب مزید انتظار نہیں کر سکتے کیونکہ اب ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ سے فون پر بات ہوئی تو انہوں نے این او سی نہ دینے کا بتایا، ہمیں کہا گیا ہے کہ ہم انکار کا باضابطہ لیٹر بھی دیں گے ۔شیلندر یادو نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ابھی خط ملنا باقی ہے لیکن اب گفتگو کی بنیاد پر ہم نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دوسری طرف افغانستان کی 18 رکنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم چوتھے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سیدسلطان شاہ نے بتایا کہ افغانستان کی 18 رکنی ٹیم طورخم کے راستے پشاور پہنچ گئی ہے جبکہ افغانستان کے دو کھلاڑیوں کو تاحال ویزے جاری نہیں کئے گئے ،ویزے ملنے کے بعدوہ یہاں ٹیم کو جوائن کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں