نئے تجارتی روابط :ایران کے اعلیٰ کاروباری وفدکی پاکستان آمد
کراچی (رپورٹ :حمزہ گیلانی ) ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر ہے کہ چین کے بعد ایران کا اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد تجارتی روابط مضبوط کرنے کیلئے پاکستان پہنچے گا۔
ایران کا قزوین چیمبر آف کامرس کا وفد فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے مرکزی دفتر میں کاروباری برادری اور کراچی چیمبر آف کامرس کی کمیونٹی سے اہم ملاقاتیں کرے گا ۔قونصلیٹ جنرل ایران نے پاکستان کی وزارت خارجہ کو مراسلہ لکھ کر مطلع کردیا ہے ۔قونصلیٹ جنرل ایران کے مراسلے کے مطابق فیڈریشن چیمبر آف کامرس اور کراچی چیمبر آف کامرس سے ایران کا تجارتی وفد الگ الگ ملاقاتیں کرے گا ۔ایران کے اعلیٰ سطح تجارتی وفد کا دورہ تین روز پر مشتمل ہوگا۔وفد 24 سے 26 دسمبر تک کراچی میں بزنس کمیونٹی سے اہم تجارتی منصوبوں پر بات کرے گا ۔اہم دورے میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور دو طرفہ تجارت کی نئی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔ایران اور پاکستان کا دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ بھی دے گی۔