پاکستان جاپان بزنس کمیونٹی روابط بڑھائیں،سید ندیم عالم
کوئٹہ (آن لائن)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے بزنس مین ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھائیں اور روایتی شعبوں سے ہٹ کرتجارت کی نئی راہیں تلاش کریں تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیاجاسکے ۔۔
پاکستان اور جاپان کے پاس مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے ، دونوں ملک زرعی تحقیق، لائیوا سٹاک اور ویلیو ایڈڈ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور چیمبر کے صدرمیاں ابو ذرشادسے ملاقات کے دوران کیا،اس دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے معاملات سمیت جدید حکمت عملی پر مبنی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھایا جا سکے ۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان نہ صرف پاکستان کا انتہائی مخلص دوست ہے بلکہ عطیات دینے والا ایک اہم ملک ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں میں پاکستان کو 14ارب ڈالرسے زائددیے ہیں۔