اسٹاک ایکسچینج : تیزی، 58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں منگل کوبھی تیزی رہی۔ 100 انڈیکس 574 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 14 ہزار 804 پوائنٹس پر جاپہنچا، اس دوران مارکیٹ سرمائے میں 139 ارب روپے سے زائد کاا ضافہ ہوا جبکہ 58.09 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ماہرین کے مطابق رواں ماہ نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں مزید کمی کی توقعات کے سبب تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 118 پوائنٹس کے اضافے سے 30 ہزار 102 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 70 ہزار 975 پوائنٹس سے بڑھ کر 71ہزار438 پر بند ہوا۔منگل کو مارکیٹ میں 32 ارب روپے مالیت کے 58 کروڑ 94 لاکھ 63 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 463 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 269 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 137 میں کمی اور 57 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔