نیسلے نے کبیر والا فیکٹری میں بائیو ماس بوائلر پلانٹ کا افتتاح کردیا
![نیسلے نے کبیر والا فیکٹری میں بائیو ماس بوائلر پلانٹ کا افتتاح کردیا](https://dunya.com.pk/news/2025/January/01-29-25/news_big_images/2468307_84152778.jpg)
ملتان(بزنس ڈیسک)نیسلے نے قابل تجدید توانائی کے پاکستان کے وژن کیلئے اپنے عزم کے تحت کبیر والا فیکٹری میں بائیو ماس بوائلر پلانٹ کا افتتاح کیا۔
یہ افتتاح نیسلے کی قابل تجدید توانائی اور پائیدا اقدامات میں2 بلین روپے کی سرمایہ کاری اور 2050 تک نیٹ زیرو کے عزم اورپاکستان کی حکومت کے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عہد کے مطابق گرین ہائوس اخراج کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔ پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایشیا، اوشنیا اور افریقہ کے لئے نیسلے کے ٹیکنیکل ہیڈ کرسٹین شمڈ نے کہا کہ پاکستان میں نیسلے کی سرمایہ کاری ملک کی صلاحیت پر اعتماد کی علامت ہے ۔ یہ بائیوماس بوائلر ماحولیاتی پائیداری اور پاکستان کے عوام کے لیے ہماری کریٹنگ شیئرڈ ویلو فلاسفی سے وابستگی کا عکاس ہے ۔ ہم ایک صاف ماحول اور پائیدار مستقبل کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ یہ بائیو ماس بوائلر پاکستانی حکومت کی2030 تک 60 فیصد تک قابل تجدید توانائی کے حصول میں معاونت فراہم کرے گا۔بوائلر سے سالانہ 10500 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج کو کم کرنے میں مدد ملے گی جو 2300 گاڑیوں کے اخراج کے برابر ہے اور گرین ہائوس اخراج میں 20 فیصد کمی کا باعث بنے گا۔ پلانٹ سالانہ 80,000 ٹن بھاپ پیدا کرے گا، جو فیکٹری کی کل تھرمل توانائی کی ضروریات کا 85 فیصد پورا کرے گا۔نیسلے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیسن آوانسینا نے کہاکہ ہم قابل تجدید توانائی اور پائیدار اقدامات میں سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعہ ملک کے مستقبل کیلئے ہماری ویلیو چین میں مثبت اثرات مرتب کرنے کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاہم نے 2023 اور 2024 میں کبیر والا اور شیخوپورہ میں بالترتیب 2.5 میگاواٹ اور 2.6 میگاواٹ کے دو سولر پاور پلانٹس کے افتتاح کے بعد قابل تجدید توانائی کے استعمال کو پہلے ہی تیز کر دیا ہے ۔آج کا یہ افتتاح ہماری جامع حکمت عملی کا ایک اور سنگ میل ہے۔