میرپور خاص :پھلوں ،سبزیوں کی نمائش کا 20 فروری سے آغاز

میرپورخاص (نمائندہ دنیا)پھولوں، پھلوں اور سبزیوں کی 67ویں سالانہ تین روزہ نمائش 20 سے 22فروری تک بینظیر بھٹو شہید پارک (گلستان بلدیہ)میرپورخاص میں منعقد ہوگی۔
اس کا اعلان میئر میونسپل کارپوریشن میرپورخاص عبدالرؤف غوری نے بلدیہ کمپلیکس کمیٹی ہال میں نمائش کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ نمائش میں اردو اور سندھی مشاعرہ، بیت بازی، خواتین کے لیے مینا بازار، محفل موسیقی اور آتشبازی جیسے خصوصی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے ۔ بینظیر بھٹو شہید اسپورٹس اسٹیڈیم میں مینا بازار لگایا جائے گا، جہاں خواتین کیلئے مختلف تفریحی سرگرمیاں رکھی جائیں گی۔میئر میرپورخاص نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی کوشش ہے کہ شہریوں کو زیادہ تفریحی اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں اور پبلک پارکوں کو مستقل فعال کیا جائے ۔ نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔