بینک اسلامی نے ڈیجیٹل اسلامی بینکاری حل ’’ایک‘‘ متعارف کرا دیا

کراچی(بزنس )پاکستان میں اسلامی فنانس کے مستقبل کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر بینک اسلامی نے ملک کاپہلا مکمل ڈیجیٹل اسلامی بینکاری حل ایک باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔۔۔
جو ملک کے عوام کو بلا تعطل اور شریعت کے مطابق مالی خدمات فراہم کرے گا۔پاکستان کے نمایاں اسلامی مالیاتی اداروں میں سے ایک، بینک اسلامی، اس وقت 540سے زائد برانچز کے ساتھ کام کر رہا ہے اور شریعت کے مطابق مصنوعات کی مکمل رینج فراہم کرتا ہے ۔ ایک کے آغاز کے ساتھ، بینک اسلامی ،اسلامی مالیات کے ڈیجیٹل انقلاب میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے ، ایک مکمل ڈیجیٹل ڈویژن قائم کر کے جو جدید، ٹیکنالوجی سے آگاہ صارفین کیلئے رِبا سے پاک مالیاتی مصنوعات فراہم کرتا ہے ۔ایک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد نے کہا کہ’’ایک ‘‘سادگی، اتحاد اور بااخلاق اور رباسے پاک مالی مستقبل کے مشترکہ نظریہ کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ پلیٹ فارم پاکستان کے بینکاری منظرنامے میں اہم ضرورت کو پورا کرتا ہے ، جو سہولت اور رسائی پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر اسلامی اصولوں کے مطابق مکمل ڈیجیٹل حل فراہم کرتا ہے -’’ایک‘‘کا پلیٹ فارم بینکاری کی خصوصیات کو بغیر کسی رکاوٹ کے ہم آہنگ کرتا ہے جن میں بایومیٹرک تصدیق کے ساتھ ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنا، فوری رقم کی منتقلی، محفوظ بل کی ادائیگیاں، موبائل ٹاپ اپس، اور عالمی سطح پر قابل رسائی ڈیبٹ کارڈ شامل ہیں۔ ایک اب گوگل پلے اور ایپل ایپ اسٹور پر ڈاؤن لوڈ کیلئے دستیاب ہے ، جو صارفین کو اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹر ہو کر فوراً ایک محفوظ، مکمل طور پر ڈیجیٹل اسلامی بینکاری کا تجربہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے ۔