اسٹاک ایکسچینج،تیزی ،انڈیکس 1 لاکھ 19ہزار کی بلند سطح سے واپس

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز تین نئے ریکارڈ قائم ہو گئے ۔ ہنڈریڈ انڈیکس کا تاریخ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہونے کا ریکارڈ۔۔۔
تاریخ کی بلند ترین سطح پر بند ہونے کا دوسرا ریکارڈ اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ماہ صیام میں انڈیکس کا بلند ترین سطح پر ٹریڈ اور بند ہونے کا تیسرا ریکارڈ ہے ۔جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز گرین زون سے ہوا، اسکے بعد انڈیکس کی رفتار ٹریڈنگ کو بلندیوں کی جانب لے گئی، دوران ٹریڈنگ ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 18 ہزار کی حد پار کرتا ہوں پہلی بار 1 ہزار 400 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 19 ہزار400کی سطح عبورکرگیا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 795 پوائنٹس کے اضافے سے 118769.77پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 36.41 پوائنٹس کے اضافے سے 36532پوائنٹس،کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 600پوائنٹس کے اضافے سے 73626پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 2420پوائنٹس کے اضافے سے 184857پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 23 فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 66کروڑ 78لاکھ 75ہزار 803 حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طور پر 442 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 205 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 176 میں کمی اور 61 کمپنیوں میں استحکام رہا۔