سنجینٹا پاکستان نے اپنے آپریشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا

کراچی(بزنس ڈیسک)سنجینٹا پاکستان نے حال ہی میں اپنی فیکٹری میں سولر انرجی سسٹم نصب کیا ہے ، جو 300 کلو واٹ سے زائد شمسی توانائی پیدا کرے گا۔۔
کمپنی کے پائیدار کاروباری حکمت عملی کو تقویت دینے اور گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی کیلئے سنجینٹا پاکستان اپنے مینوفیکچرنگ یونٹ اور ملک بھر میں موجود گوداموں، بشمول لاہور، ملتان اور رحیم یار خان، کو شمسی توانائی پر منتقل کر رہا ہے ۔ اس اقدام سے نہ صرف آپریشنل لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ توانائی کے ایک پائیدار اور ماحول دوست ذریعے کو فروغ بھی ملے گا۔کراچی میں سنجینٹا کے پلانٹ پر نئے شمسی توانائی کے نظام کی افتتاحی تقریب میں اسٹیک ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے سنجینٹا پاکستان کے کنٹری جنرل منیجر ذیشان بیگ نے کہا کہ یہ سنجینٹا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے کہ ہم اپنے مینوفیکچرنگ یونٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کر رہے ہیں۔ ایک ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کے طور پر، سنجینٹا پاکستان پائیدار ترقی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہم سنجینٹا گروپ کے عالمی استحکام کے وژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں۔سنجینٹا کا عالمی مقصد بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ، جس کے لیے زرعی صلاحیت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔ اس کے ساتھ، کمپنی نے 2016 کے مقابلے میں 2030 تک اپنے ماحولیاتی اثرات (کاربن فٹ پرنٹ) میں 68 فیصد کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ یہ ہدف عالمی درجہ حرارت کو صنعتی انقلاب سے قبل کی سطح کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے کے بین الاقو امی ہدف سے ہم آہنگ ہے ۔