اسٹاک ایکسچینج :فروخت کا دباؤ،انڈیکس 755پوائنٹس گرگیا

کراچی(بزنس رپورٹر )اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کومندی رہی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون سے ہوا لیکن ٹریڈنگ کا اختتام منفی زون سے ہوا جس کی بنیادی وجہ مالیاتی شعبوں کی جانب سے حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت ہے ۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس755 پوائنٹس یا 0.65 فیصد کمی سے 116,020.11 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس242 پوائنٹس کمی سے 35,606 پوائنٹس ،آل شیئرز انڈیکس 473 پوائنٹس کمی سے 72505پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 2113 پوائنٹس گھٹ کر 176238 پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی طو رپر451 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 140 کمپنیوں کی حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 260 میں کمی اور 51 میں استحکام رہا۔ ٹریڈنگ کا حجم 10.78 ارب روپے رہاجبکہ گزشتہ روز یہ 8.42 ارب روپے تھا۔مندی کے سبب مارکیٹ کیپٹل کا حجم 14 ہزار 290 ارب روپے سے گھٹ کر 14 ہزار 193 ارب روپے پر آگیا ۔