ٹیکسٹائل شعبہ بحالی کی راہ پر گامزن،برآمدات میں اضافہ

ٹیکسٹائل شعبہ بحالی کی راہ پر گامزن،برآمدات میں اضافہ

کراچی (بزنس رپورٹر )پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی اور برآمدی شعبہ ٹیکسٹائل ایک بار پھر بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ مارچ 2025 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں سال بہ سال 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے ملکی برآمدات کے اعداد و شمار میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مارچ 2025 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات بڑھ کر 1 ارب 43 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئیں جبکہ مارچ 2024 یعنی ایک سال قبل اسی مدت میں یہ برآمدات 1 ارب 30 کروڑ ڈالر تھیں، اس طرح ایک سال میں 13 کروڑ ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر بھی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے ۔ فروری 2025 میں برآمدات 1 ارب 41 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھیں جو مارچ 2025 میں بڑھ کر 1 ارب 43 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو1.2 فیصد ماہانہ بہتری کی عکاسی کرتا ہے ۔دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے نو ماہ کے مقابلے میں جاری مالی سال 2024-25 کے پہلے 9 ماہ یعنی جولائی تا مارچ کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات  9.4 فیصد بڑھ کر 12 ارب 44کروڑ60 لاکھ ڈالر سے 13ارب 61کروڑ 40لاکھ ڈالر ہوگئیں ہے ۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے کی بڑی وجوہات میں روپے کی قدر میں استحکام، عالمی منڈی میں آرڈرز کی بحالی، توانائی کی بہتر فراہمی اور پالیسی سطح پر حکومتی تعاون شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں