کارگو بحران سے ایکسپورٹ آرڈرز منسوخ ہونیکا خدشہ

کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے سندھ میں کارگو بحران پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا ہے۔
سیکرٹری جنرل اپٹما نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے باعث25 ہزار ایکسپورٹ کنٹینرز پھنس چکے ہیں جس سے نہ صرف صنعتوں کو سنگین بحران کا سامنا ہے بلکہ معیشت کو بھی بھاری نقصانات کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ،موجودہ صورتحال میں 50 ہزارسے زائد ان پٹ کنٹینرز بھی راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں سپلائی چین مفلوج ہوچکی ہے اور کارخانوں کی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے ۔اپٹما قیادت نے خبردار کیا کہ اگرفوری اقدامات نہ کیے گئے تو کارگو بحران کے باعث ایکسپورٹ آرڈرز منسوخ ہوں گے ۔سیکریٹری جنرل اپٹما کے مطابق 120 سے زائد اسپننگ ملز اور 800 جننگ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں اور ٹیکسٹائل صنعت شدید خطرے میں ہے ۔ دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن اسکیم میں بے ضابطگیوں کے باعث مقامی ٹیکسٹائل اور کاٹن سیکٹرز بھی نقصان کا شکار ہورہے ہیں۔