اسٹاک ایکسچینج کریش،819ارب خسارہ،6482پوائنٹس گرگئے

کراچی(بزنس رپورٹر)پاک بھارت کشیدگی نے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی امنگوں پر پانی پھیر دیا ۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مندی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے مارکیٹ دوران ٹریڈنگ کریش کرگئی۔ اسٹاک ٹریڈنگ کا آغاز گرین زون سے ہوا۔۔۔
جس کے بعد 100 انڈیکس 1800 سے زائد پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 11 ہزار 800پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا تاہم سکیورٹی چیلنجز اور پاک بھارت جنگ اثرات کی شدت میں اضافے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج یکدم شدید مندی ، بدترین مندی اور پھر ریکارڈ مندی میں مبتلا ہوگئی جس کے بعد 100 انڈیکس 6 ہزار 900 سے زائد پوائنٹس کم ہوکر 1 لاکھ 11 ہزار کی حد سے گرتا گرتا1 لاکھ 10 ہزار ، 1 لاکھ 9 ہزار ، 1 لاکھ 8 ہزار ، 1 لاکھ 7 ہزار ، 1 لاکھ 6 ہزار ، 1 لاکھ 5 ہزار ، 1لاکھ 4ہزار اور 1 لاکھ 3 ہزار کی حد پر ایک گھنٹے کیلئے معطل کردیا گیا۔ اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ کی جانب سے ایک گھنٹہ عارضی معطلی کا وقت ختم ہونے کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس کی دوبارہ بحالی بھی بدترین مندی کو روک نہ سکی اورہنڈرڈ انڈیکس 8 ہزار 200 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ سے 1 لاکھ 3 ہزار کی نفسیاتی حد کھو کر 1 لاکھ 2 ہزار سے 1 لاکھ 1 ہزار 500 کی حد تک ٹریڈ ہوا، تاہم اختتامی لمحات میں جاری بدترین مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی مگر اس کے باوجود ہنڈرڈ انڈیکس میں ٹریڈنگ کا اختتام تاریخ میں پہلی بار 6 ہزار 482 پوائنٹس کی ریکارڈ مندی سے 1لاکھ 3 ہزار 526 پوائنٹس کی حد پر ہوا ۔ مجموعی طورپر 450کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 35 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،373 میں کمی اور 42 میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر اسٹاک ایکسچینج میں 65 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار 383 روپے مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 35 ارب 43 کروڑ 78 لاکھ 46 ہزار 740 روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ مندی سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 13ہزار344 ارب روپے سے گھٹ کر 12 ہزار 525 ارب روپے کی سطح پر آگئی، یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں کمی سے عالمی و مقامی سرمایہ کاروں کو 819 ارب روپے کاجھٹکا لگا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 2131 پوائنٹس کی کمی سے 31478.13 پوائنٹس ،کے ایم آئی 30 انڈیکس 11408 پوائنٹس کی کمی سے 151302 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 4173 پوائنٹس گھٹ کر 64527 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین کے مطابق پاک بھارت کشیدگی میں مسلسل اضافے کے باعث صرف دو روز میں 8 ہزار سے زائد پوائنٹس کا انخلاء ہوا ہے ۔