ٹڈاپ کی جانب سے مکئی کے برآمدی معیار میں بہتری کیلئے سیمینار

کراچی(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے ویہاری میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس کا عنوان تھا: "مکئی کی برآمدی معیار میں بہتری۔۔
کھاپرا سنڈی اور افلاٹاکسن کنٹرول اقدامات"۔ سیمینار کی نظامت ٹڈاپ کی ایگریکلچر و فوڈ ڈویژن کی ڈپٹی ڈائریکٹر حنا طاہر نے کی۔ اس موقع پر مکئی کے کاشتکاروں، برآمد کنندگان، ماہرین اور بین الاقوامی تجارتی نمائندوں نے شرکت کی تاکہ مکئی کی برآمدات کو درپیش چیلنجز، بالخصوص ویتنام اور ملائیشیا جیسے بڑے مارکیٹس میں، حل کیے جا سکیں۔ کے ایگری اینڈ فوڈ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل اطہر حسین کھوکھر نے کہا کہ کھاپرا سنڈی کی افزائش اور افلاٹاکسن آلودگی کے باعث برآمدات کو مسترد کیے جانے کے واقعات بڑھ رہے ہیں جن پر قابو پانے کی اشد ضرورت ہے ۔تکنیکی نشستوں میں شرکاء کو عملی تجاویز فراہم کی گئیں۔ مکئی و باجرہ تحقیقاتی ادارے کے سعید نے کھاپرا سنڈی پر قابو پانے کے طریقے بیان کیے ۔ ٹڈاپ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر مبارک احمد نے افلاٹاکسن سے پیدا ہونے والے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے تجویز دی کہ بروقت فصل کی کٹائی، خشک کرنا، اور ہوادار و ٹھنڈی جگہوں پر ذخیرہ کرنا ضروری ہے ۔بین الاقوامی ماہرین نے برآمدی ضوابط پر عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کی۔ ویتنام میں تعینات پاکستان کی ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اٹیچی فائزہ شفقات نے ویتنام کی ضروریات پر روشنی ڈالی۔ادھر محکمہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رمضان آسی نے کسانوں کو کیڑوں پر قابو پانے کی تربیت دینے والے پروگرامز پر روشنی ڈالی۔