پاکستان و ترکیہ ایک قوم،تجارت میں بے پناہ گنجائش،ترک سفیر
لاہور (آن لائن)ترکیہ کے سفیر عرفان نزیروغلو نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور ترکی،دفاع، سیاحت، کاروبار، زراعت اور اعلیٰ تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے ۔
وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے ۔ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی "ایک قوم" کی مانند ہیں، اور وقت کا تقاضا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی اشتراک میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔اس موقع پر میاں ابوزر شاد نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر ترکی کے عوام اور صدر رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی طرف سے پاکستان کو ڈرونز اور جنگی جہاز فراہم کیے گئے ، جو قومی دفاع میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترکی اس تاریخی کامیابی میں پاکستان کا برابر کا شریک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان 2022 میں دستخط ہونے والا ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) دوطرفہ تجارت کے فروغ کی بنیاد بن چکا ہے۔