ٹورنٹو میں دستکاری اور ہاتھ سے بنی اشیاء کی دلکش نمائش

ٹورنٹو(اسٹاف رپورٹر)قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو میں پہلی ہنر مندنمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں دستکاری اور ہاتھ سے بنے ہوئے خوبصورت ثقافتی چیزوں کی نمائش کی گئی۔
اس موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ٹورنٹوخلیل احمد باجوہ نے نمائش کے انعقاد پر آئیڈنٹیٹی پاکستان کے بانی سلماز ریگی اور عدنان حیدر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم آئندہ اس سے بڑی اور شاندار نمائش کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پاکستان سے آئے لوگوں نے پاکستان قونصلیٹ ٹورنٹومیں عید میلا کاانعقاد کیا جس میں دستکاری اور ہاتھ سے بنے ہوئے خوبصورت ثقافتی چیزوں کی نمائش کی گئی۔ ٹریڈ کمشنر التمش جنجوعہ نے بھی منتظمین کو نمائش کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ آئیڈنٹیٹی پاکستان کے بانی سلماز ریگی نے کہا کہ ہم آئیڈنٹیٹی پاکستان کے ذریعے پاکستانی ثقافتی ہنر کو دنیا بھر میں پہنچانا چاہتے ہیں خاص طور پر ایسے افراد کا کام جو خود دنیا بھر میں نہیں جاسکتے اورمتوسط طبقے سے وابستہ ہیں۔اس موقع پر سلماز ریگی اور عدنان حیدر نے نمائش کے موقع پر پاکستانی فنون اور دستکاری کے ورثے کی عید میلاکے موقع پر فلم بھی دکھائی اور کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے بھی اس نمائش میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔