اسٹاک مارکیٹ نے بجٹ والے دن نئی تاریخ رقم کردی

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ نے بجٹ والے دن نئی تاریخ رقم کردی، مارکیٹ میں پہلی بار 122000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرکے بند ہونے کا ریکارڈ قائم ہوا۔۔۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 40ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 14768 ارب روپے پر جاپہنچا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے بعد کاروبار کے پہلے ہی دن منگل کو بازارِ حصص میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 970 پوائنٹس کے اضافے سے 122,611.53 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی جاپہنچا تھا۔خریداری کا رجحان اہم شعبوں میں دیکھنے میں آیا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 383 پوائنٹس یا 0.32 فیصد اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 22ہزار24پوائنٹس کی بلند ترین سطح پربند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 74 پوائنٹس کے اضافے سے 36902پوائنٹس اور آل شیئرزانڈیکس209پوائنٹس کے اضافے سے 76160پوائنٹس پر بند ہوا۔اسٹاک مارکیٹ میں بجٹ والے دن 22 ارب روپے مالیت کے 600 ملین شیئرز کی نمایاں تجارت ہوئی۔ مجموعی طور پر473کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 230کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،200میں کمی اور43میں استحکام رہا۔