دورہ سری لنکا قومی ٹیم کا اعلان جلد متوقع شاداب کی واپسی یقینی
شاہین ، بابر ، حارث ، رضوان ، حسن علی بگ بیش میں مصروف ان کی جگہ دورے میں عبدالصمد اور معاذ صداقت کو موقع دینے کا امکان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی سکواڈ جمع کرانے کی ڈیڈ لائن7جنوری ، ایونٹ سے ہفتہ قبل آئی سی سی کی اجازت سے ٹیم میں ردو بدل ممکن
لاہور (سپورٹس ڈیسک)جنوری کے پہلے ہفتے میں شیڈول دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جلد متوقع ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں ٹی ٹونٹی میچز طے ہیں، جس کے لیے سلیکٹرز نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کر رکھی ہے ۔فنٹس مسائل سے نجات پانے کے بعد بگ بیش لیگ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے شاداب خان کو سری لنکا کیخلاف سیریز میں موقع ملے گا۔شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، حارث رف، محمد رضوان اور حسن علی کو بگ بیش لیگ کے مکمل میچز کے لیے این او سی دیا گیا ہے ، ان کی جگہ اس دورے میں عبدالصمد اور معاذ صداقت سمیت دوسرے نوجوان پرفارمرز کے ناموں پر غور ہو رہا ہے ۔فاسٹ بولر احمد دانیال کی بھی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے ۔پی سی بی کو 6 جنوری سے پہلے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے بھی ابتدائی ناموں کی فہرست بھجوانی ہے واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا نے ورلڈکپ کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے ۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی سکواڈ جمع کرانے کی ڈیڈ لائن 7 جنوری ہے ، ورلڈ کپ کے انعقاد سے ایک ہفتہ قبل آئی سی سی کی اجازت سے ٹیم میں ردو بدل کیا جا سکتا ہے ۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔