ڈالر کی قدر میں اضافہ، تولہ سونا 6100 روپے سستا

کراچی(بزنس رپورٹر)انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر مہنگا ہوگیا، ادھر سونے کی فی تولہ قیمت میں یک دم 6 ہزار روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر4پیسے کے اضافے سے 282.21روپے پر جاپہنچا ۔یاد رہے کہ عید کی تعطیلات سے قبل انٹربینک میں ڈالر 282.17 روپے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 61ڈالر کی کمی سے 3339ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 6 ہزار 100 روپے کی بڑی گراوٹ سے 3 لاکھ 52 ہزار 300 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 5230 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 2 ہزار 40 روپے ہوگئی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3745 روپے پر مستحکم رہی۔