ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی، تولہ سونا 4 ہزار روپے مہنگا

کراچی(بزنس رپورٹر)انٹربینک میں جمعرات کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی،ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 282 روپے 67 پیسے پر بند ہوا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 30ڈالر کے اضافے سے 3375ڈالر فی اونس کاہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 4ہزار روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 56 ہزار 900 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 3430روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 5 ہزار 984 روپے ہو گئی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3745روپے پر مستحکم رہی۔