فرنیچر کی برآمدات بڑھانے کیلئے مراعات کا مطالبہ

اسلام آباد(اے پی پی)چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی)میاں کاشف اشفاق نے وفاقی بجٹ میں پرکشش مراعات کے ایک جامع پیکیج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
اس سے بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے تیار کردہ اعلیٰ معیار کی فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے گا۔ اتوار کو پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاتھ سے تیار کردہ اور جدید فرنیچر کا صف اول برآمد کنندہ بننے کی بے پناہ صلاحیت کا حامل ملک ہے جس کیلئے حکومت کی پالیسی سپورٹ اور سہولت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے ، فنانسنگ تک آسان رسائی اور صنعت کی ترقی کیلئے جدید ڈیزائن اور تربیتی مراکز کے قیام پر زور دیا،اگر مناسب سہولت دی جائے تو فرنیچر کا شعبہ روزگار پیدا کرنے اور معاشی نمو میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے ۔انہوں نے پاکستانی دستکاریوں کی نمائش کو بڑھانے کیلئے عالمی فرنیچر کی نمائشوں اور تجارتی میلوں میں شرکت بڑھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجٹ برآمدات کے حامی نقطہ نظر کی عکاسی کرے گا جس سے اس شعبے کو ترقی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔