ٹڈاپ اور پی پی ایم اے کے درمیان فارمیکس کے قیام پر تبادلہ خیال

ٹڈاپ اور پی پی ایم اے کے درمیان فارمیکس کے قیام پر تبادلہ خیال

کراچی(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اور فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے درمیان ایک اعلیٰ سطح اجلاس 17 جون 2025 کو ٹڈاپ ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ فیض احمد چدھڑ نے کی جس میں فارمیکس کے قیام پر غور کیا گیا جو کہ دوا ساز برآمدات کو فروغ دینے کیلئے مجوزہ کمپنی ہے اور اس کا مقصد پاکستان کی دوا ساز صنعت کی عالمی سطح پر ترقی و ترویج کو تیز کرنا ہے ۔اجلاس میں ٹڈاپ کے سینئر افسران اور پی پی ایم اے کے نمایاں عہدیداران، جن میں چیئرمین توقیر الحق اور چیئرپرسن (ساؤتھ ریجن)ڈاکٹر مہوش خان شامل تھے نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان کی دوا ساز صنعت کی عالمی منڈیوں میں وسعت کے امکانات اور ایک مخصوص برآمدی فروغ کے پلیٹ فارم جیسے فارمیکس کے قیام کی فوری ضرورت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین پی پی ایم اے نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ فارمیکس کے قیام کی تجویز پہلے ہی وزارت تجارت اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کو پیش کی جا چکی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس اقدام کی حتمی سمری کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ جون 2025 کے آخر تک اسے وزارت تجارت کے توسط سے وفاقی کابینہ کو جمع کرایا جا سکے۔ انہوں نے پی پی ایم اے کو ٹڈاپ کے سالانہ بزنس پلان 2025-26 میں شراکت کی دعوت دی اور کہا کہ بین الاقوامی معیار پر پورا اُترنے والے نمایاں دوا ساز برآمدکنندگان کے پروفائلز بھی شیئر کیے جائیں۔اجلاس کے اختتام پر ٹڈاپ کے ڈائریکٹر جنرل (انجینئرنگ) اظہر علی داہا کوپی پی ایم اے سے متعلق تمام معاملات کے لیے فوکل پرسن نامزد کیا گیا تاکہ باقاعدہ رابطے کو یقینی بنایا جاسکے۔ چیف ایگزیکٹو ٹداپ نے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور فارماسیوٹیکل شعبے کو تقویت دینے اور اس کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے ٹی ڈیپ کی بھرپور حمایت اور اسٹریٹجک تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں