خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں معمولی اضافہ

کراچی(بزنس رپورٹر)رواں ہفتے خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔۔
مالیاتی اداروں کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیاد پر 1.0 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد پیداوار بڑھ کر 56,716 بیرل یومیہ ہوگئی جب کہ ناشپا اور آدھی آئل فیلڈز سے پیداوار میں اضافہ ہواہے اور مکوری ایسٹ اور پساخی سے پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ ادھرگیس کی مجموعی پیداوار میں بھی 0.6 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا اور پیداوار بڑھ کر ہفتہ وار بنیاد پر2,719 ملین مکعب فٹ یومیہ تک پہنچ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق گیس کی پیداوار میں اضافے کی بڑی وجہ اُچ،قادر پوراور کند کوٹ فیلڈز سے سپلائی میں بہتری ہے تاہم سوئی، ماری اور شرف گیس فیلڈز سے پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ماہرین کی رائے کے مطابق معمولی اتارچڑھاؤ ملکی توانائی کے شعبے میں مسلسل بدلتی صورتحال کا عکاس ہے جس پر پالیسی سازوں کی توجہ ضروری ہے تاکہ طلب و رسد میں توازن برقرار رکھا جاسکے۔