بینکنگ سیکٹر کے ڈپازٹس 32ہزار 757ارب پر جاپہنچے
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے بینکنگ سیکٹر نے مالی سال2025کے دوران نمایاں نمو کا مظاہرہ کیا ۔۔
ڈپازٹس، قرضوں اور سرمایہ کاری میں قابلِ ذکر اضافہ دیکھا گیا،تاہم ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کے اختتام تک بینکنگ سیکٹر کے مجموعی ڈپازٹس 32 ہزار 757ارب روپے تک جا پہنچے جو مئی 2024 میں 29ہزار 349 ارب روپے تھے ،یوں سالانہ بنیاد پر ڈپازٹس میں 11.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مالیاتی استحکام اور صارفین کے اعتماد کا مظہر ہے ۔دوسری جانب بینکوں کی جانب سے جاری کردہ قرضے بھی بڑھ کر 13 ہزار 21ارب روپے ہو گئے جبکہ ایک سال قبل یعنی مئی 2024 میں یہ 12ہزار 169 ارب روپے تھے ۔ اس طرح بینک قرضوں میں تقریباً 7فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کی علامت ہے۔ بینکوں کی سرمایہ کاری میں بھی غیر معمولی اضافہ سامنے آیاجو مئی 2025 میں 19.7 فیصد کے سالانہ اضافے سے 34 ہزار 627 ارب روپے تک پہنچ گئی ۔ ماہرین کے مطابق بلند شرحِ سود اور حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کے رجحان نے اس شعبے کو فروغ دیا ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو مئی 2025 میں 39.8فیصد رہی جو سال بہ سال 171 بیسز پوائنٹس کی کمی ظاہر کرتی ہے ۔دوسری طرف انویسٹمنٹ ٹو ڈپازٹ ریشو میں نمایاں اضافہ ہواجو 105.7 فیصد پر پہنچ گئی اس میں 716 بیسز پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے ۔