پنک سالٹ عالمی اہمیت کا حامل ویلفیئر پراڈکٹ ، اسد احمد
کراچی(بزنس ڈیسک)اوساکا جاپان ایکسپو 2025 میں منعقدہ ہفتہ صحت و بہبود کے تحت پاکستان پویلین میں ایک اہم پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔۔
جس کا عنوان تھاپنک سالٹ تجارت،صحت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت ۔یہ تقریب پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ٹڈاپ کے اشتراک سے جمعہ 20 جون 2025 کو ایکسپو کے تھیم ویکس اسٹوڈیو میں منعقد کی گئی جس میں پنک سالٹ کی معدنی تاریخ، طبی فوائد، اور پاکستان کے تجارتی مواقع کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر اسد احمد نے کہاکہ پنک سالٹ صرف ایک معدنیات نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی اہمیت کا حامل ویلفیئر پراڈکٹ ہے ۔ جاپان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ اشتراک سے اس کی ترقی اور ترسیل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔تقریب میں پاکستان پویلین کی آفیشل ڈاکومنٹری فلم بھی پیش کی گئی جس میں نمک کے پہاڑی سلسلے اور کھیوڑا کی دلکش کان کے مناظر دکھائے گئے ۔محمدنعیم نے کہاکہ پاکستان کا پنک سالٹ دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے مگر اس سے مکمل فائدہ نہیں اُٹھایا جا رہا۔ مؤثر برانڈنگ اور جغرافیائی شناخت کے تحفظ سے ہم اسے عالمی سطح پر ایک اعلیٰ معیار ی پراڈکٹ کے طور پر متعارف کرا سکتے ہیں ۔ پینل میں مضبوط ویلیو چینز کی تشکیل، مصنوعات میں جدت، اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے نئی منڈیوں کی تلاش جیسے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے ساتھ پنک سالٹ کو ایک مستند اور اعلیٰ پریمیم پراڈکٹ کے طور پر عالمی سطح پر پیش کرنے کے لیے جی آئی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان پویلین محمد نصیر نے کہا کہ ایکسپو2025میں ہم صرف قدرتی وسائل کی نمائش نہیں کر رہے بلکہ پاکستان کی ایک عالمی اہمیت کی حامل کہانی دنیا کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ یہ ایونٹ پنک سالٹ کو بطور صحت افزا پراڈکٹ، تجارتی اثاثہ، اور پائیدار طرزِ زندگی کے عزم کی علامت کے طور پر پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے ۔