پاکستانیوں کی سالانہ آن لائن خریداری 1 ارب ڈالر سے تجاوز

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستانی شہری سالانہ ایک ارب ڈالر سے زائد کی آن لائن خریداری کر رہے ہیں، جس میں فیس بک، گوگل، علی بابا، علی ایکسپریس، نیٹ فلیکس، آئی ٹیونز، شاپی فائی اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق آن لائن ٹرانزیکشنز کی تعداد 4 کروڑ 26 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ صرف فیس بک پر مختلف خریداریوں کی مد میں 123.1 ارب روپے خرچ کیے گئے، جبکہ گوگل کو 5.94 ارب، ایپل/آئی ٹیونز کو 5.14 ارب اور نیٹ فلیکس پر 2.79 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔آن لائن شاپنگ کے معروف پلیٹ فارمز علی ایکسپریس پر 4.49 ارب، علی بابا پر 2 ارب روپے ، اور ٹیمو پر 1.82 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ شاپی فائی پر بھی پاکستانی صارفین کی مالی سرگرمی 1 ارب روپے سے زائد رہی، جب کہ دیگر مختلف غیر ملکی آن لائن بزنس پلیٹ فارمز پر 281 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ای کامرس کے فروغ کا عکاس ہے، تاہم زرمبادلہ کے دباؤ اور ریونیو کے فقدان کو دیکھتے ہوئے حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان غیر ملکی ڈیجیٹل وینڈرز پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔