اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رجحان

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رجحان

کراچی (کامرس رپورٹر) اسرائیلی جارحیت کی امریکی حمایت نے ایران سمیت مشرق وسطیٰ کا امن داؤ پر لگا دیا ہے۔۔۔

اسی تناظر میں ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں سمیت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز مندی سے ہوا جو کچھ ہی دیر بعد شدید مندی کا شکار ہوکر دو نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ 4100 سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 18 ہزار 798 کی حد سے 1 لاکھ 17 ہزار ، 1 لاکھ 16 ہزاراور 1 لاکھ 15ہزار 887 پوائنٹس کی حد تک ٹریڈ ہوا۔ عالمی کشیدگی کے دباؤ میں رہتے ہوئے اسٹاک سرمایہ کار مسلسل سرمایہ کاری کا انخلا کرتے رہے جس کے سبب ٹریڈنگ مسلسل ریڈ زون میں گھومتی رہی۔ دوسری جانب روول اوور ویک کا اضافی دباؤ بھی مندی کو شدید مندی میں تبدیل کرگیا۔ اسی وجہ سے 100 انڈیکس 3 ہزار 855 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 16 ہزار 167 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا۔ جبکہ آل شیئر انڈیکس 2436.50پوائنٹس کمی سے 72520.44، کے ایس ای 30 انڈیکس 1125.88 پوائنٹس گراوٹ سے 35407.34  اور کے ایم آئی 30انڈیکس 7706.50  پوائنٹس گراوٹ سے 169941.56 کی حد پر بند ہوا۔ اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ہزار 536 ارب روپے سے کم ہوکر 14 ہزار 63 ارب روپے پر آگئی، یعنی اسٹاک سرمایہ کاروں کو منافع میں یومیہ 473ارب روپے خسارے کا سامنا رہا۔ دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج میں 59 کروڑ 50 لاکھ 10 ہزار 639 مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 23 ارب 48 کروڑ 85 لاکھ 40 ہزار 247روپے رہا اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر468 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا، جن میں سے صرف 56 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ،386 کمپنیوں کے حصص میں کمی اور 26کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں