کراچی :جدید پورٹ سٹی کا قیام،چین کی سرمایہ کاری کی منظوری

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کی معیشت کیلئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے ،کراچی پورٹ پر 1600 ایکڑ پر محیط جدید پورٹ سٹی کے قیام کا منصوبہ تیزی سے حتمی شکل اختیار کر رہا ہے ۔
کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون کے عنوان سے اس بڑے منصوبے میں چین کی جانب سے ابتدائی طور پر 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی گئی ہے ۔یہ انکشاف کے پی ٹی کی کمیٹی کے رکن اور سابق صدر کراچی چیمبر عبد اللہ ذکی نے کیا۔ان کے مطابق حالیہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد اس میگا پروجیکٹ پر پیش رفت تیز ہو گئی ہے ۔کے پی ٹی کی کوشش ہے کہ چین کے علاوہ دیگر دوست ممالک کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے تاکہ منصوبہ بین الاقوامی تعاون سے مکمل ہو۔پروجیکٹ میں سی پیک بزنس سینٹر، انٹرنیشنل میری ٹائم سٹی، ساؤتھ ایشیا تھیم پارک اور جدید کنٹینرز ٹرمینل شامل ہوں گے ۔عبد اللہ ذکی کے مطابق یہ پورٹ سٹی تقریباً 6 سے 7 سال میں مکمل ہوگا اور اس سے کراچی کو ٹرانس شپمنٹ کا علاقائی حب بنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ کی موجودہ سمندری گہرائی 13 میٹر ہے ، جسے بڑھا کر 16 میٹر ڈرافٹ کیا جائے گا تاکہ بڑے بحری جہاز بھی یہاں باآسانی لنگر انداز ہو سکیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانس شپمنٹ کے لیے اس وقت سنگاپور، جبل علی اور ہانگ کانگ کی بندرگاہوں پر شدید رش ہوتا ہے ایسے میں کراچی کی بندرگاہ کو متبادل کے طور پر عالمی تجارت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے ۔عبد اللہ ذکی کے مطابق چین کی سرمایہ کاری سے کراچی پورٹ کی بحری صلاحیت، تجارتی حیثیت اور اسٹریٹجک اہمیت میں نمایاں اضافہ ہو گا اور یہ منصوبہ پاکستان کے ساحلی ترقیاتی وژن میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔