یکم جولائی سے ایکسچینج کمپنیز انسنٹیو اسکیم ختم،سرکلرجاری
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے ملک بھر کی ایکسچینج کمپنیوں کو مطلع کیا ہے کہ ایکسچینج کمپنیز انسنٹیو اسکیم کو یکم جولائی 2025 سے ختم کیا جا رہاہے ،اس سلسلے میں مرکزی بینک نے ای پی ڈی سرکلر نمبر 05/2025 جاری کردیا گیا ہے ۔
مرکزی بینک نے یہ فیصلہ 2024 میں جاری کردہ سرکلر نمبر 10 کے تناظر میں کیا ہے جس میں ترسیلات زر کے فروغ کے لیے اسکیم متعارف کرائی گئی تھی ،تاہم اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ انسنٹیو اسکیم مزید جاری نہیں رہے گی یعنی اسکیم یکم جولائی 2025 سے باضابطہ طور پر ختم تصور کی جائے گی اور یہ فیصلہ ملک بھر کی تمام رجسٹرڈ ایکسچینج کمپنیز پر لاگو ہوگا۔ دوسری جانب تمام ایکسچینج کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے سے اپنے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر آگاہ کریں۔