کپاس کی پیداوار میں کمی : جامع ایکشن پلان بنانے کا اعلان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور ان میں تیزی لانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں وزارت کے سینئر افسران، صوبائی محکمہ زراعت کے نمائندگان، تحقیقی ماہرین اور کپاس اگانے والے علاقوں کے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ابتدائی خطاب میں وزیر نے کہا کہ کپاس پاکستان کی زراعت اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کپاس کی پیداوار میں حالیہ کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے مسائل کے حل کے لیے مربوط اور ہدفی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ وزیر نے معیاری بیج اور زرعی ادویات کی بروقت فراہمی، بہتر کیڑوں پر کنٹرول، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کاشتکاری اور کسانوں میں آگاہی بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس میں فصل کے انتظام اور کھیتوں کی عملی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ فیصلہ ہوا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے آئندہ بوائی سے قبل جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ وزیر نے اختتامی کلمات میں کہا کہ کپاس پاکستان کے لیے اسٹریٹجک فصل ہے اور اس کی ترقی کے لیے تمام حکومتی سطحوں پر فوری اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔