فرنس آئل پر عائد پٹرولیم لیوی واپس لینے کا مطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)ملکی صنعتوں پر تباہی کے سائے منڈلانے لگے ہیں کیونکہ پٹرولیم اور کاربن لیوی میں غیرمعمولی اضافے نے پیداواری لاگت کو ناقابلِ برداشت بنا دیا۔
وفاقی چیمبرنے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو ہنگامی خط ارسال کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرنس آئل پر عائد پٹرولیم لیوی واپس لی جائے اور کاربن لیوی کو محدود کیاجائے ، ورنہ ملکی صنعتیں بند ہونے کے قریب پہنچ جائیں گی۔ خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نئی پٹرولیم لیوی کے نفاذ کے بعد فرنس آئل کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ ہو چکا ہے اور اب یہ 82 ہزار روپے فی میٹرک ٹن تک جا پہنچی ہے جبکہ فی لیٹر قیمت 185 روپے ہو گئی ہے ۔ اسکے نتیجے میں بجلی کی لاگت 48 سے 52 روپے فی یونٹ تک پہنچ چکی ہے جو کہ صنعتی پیداواری عمل کو ناقابلِ برداشت حد تک مہنگا کر رہی ہے۔ فیڈریشن کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فرنس آئل پر عائد 77 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی فوری واپس لی جائے اور کاربن لیوی کو زیادہ سے زیادہ 2.5 روپے فی لیٹر تک محدود کیا جائے تاکہ صنعتوں کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔