ڈیجیٹل مالیاتی خدمات، دبئی اسلامک بینک اور جاز کیش کا اشتراک
کراچی(بزنس ڈیسک)دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ اور جاز کیش نے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو فروغ دینے اور پاکستان میں اندرون ملک رقوم کی ترسیل کو جدید اور آسان بنانے کیلئے اشتراک کیا ہے۔۔۔
اس مقصد کیلئے دونوں اداروں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دبئی اسلامک بینک کے ہیڈ آفس میں دستخط کیے گئے۔ اس اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت، دبئی اسلامک بینک کے عالمی نیٹ ورک کے ذریعے بیرونِ ملک سے آنے والی رقوم اب براہِ راست جاز کیش اکاؤنٹس میں منتقل کی جا سکیں گی ۔ یہ اشتراک پاکستان میں فری لانس کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ڈیجیٹل مالیاتی حل تلاش کرنے کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔ دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ کے سی ای اوعلی گلفراز نے کہا کہ جاز کیش کے ساتھ یہ شراکت داری جامع اور جدید مالیاتی حل فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ جاز کیش کے صدر مرتضیٰ علی نے کہا کہ پاکستان کے 23 لاکھ فری لانسرز میں سے ایک چوتھائی سے زائد اپنی ادائیگیوں کیلئے جاز کیش کا استعمال کررہے ہیں۔ دبئی اسلامک بینک کے ساتھ یہ شراکت داری ہمیں اس ڈیجیٹل معیشت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شعبے کیلئے مخصوص مالیاتی حل تیار کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ ہم مل کر بین الاقوامی مالیاتی لین دین کو مزید آسان اور مؤثر بنا رہے ہیں خاص طور پر اُن فری لانسرز کیلئے جوعالمی سطح پر رقوم کی ادائیگیوں تک تیز، محفوظ اور شریعت کے مطابق رسائی کے خواہاں ہیں۔