کاروں کی فروخت تین سال کی بلند ترین سطح پر
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)پاکستان کی آٹو انڈسٹری جو گزشتہ چند سال سے معاشی دباؤ اور درآمدی پابندیوں کا شکار تھی جون 2025 میں ایک نمایاں بحالی کا مظاہرہ کرتی نظر آئی۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کاروں کی فروخت جون میں سالانہ بنیاد پر 64 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 47 فیصد بڑھ کر 21,773 یونٹس تک جا پہنچی جو کہ گزشتہ 3 سال کی بلند ترین سطح ہے ۔جون 2025 کے دوران ملک بھر میں 21,773 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو سال بہ سال بنیاد پر 64 فیصد اور ماہ بہ ماہ 47 فیصد اضافہ کی سطح پر ہے۔ واضح رہے کہ یہ کار فروخت کی شرح مارچ 2022 کے بعد سب سے بلند ترین سطح ہے، اس غیر معمولی اضافے کی بڑی وجہ سوزوکی کمپنی آلٹو ماڈل کی فروخت رہی جو 39 ماہ یعنی ساڑھے تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مالی سال 2025یعنی جولائی 2024 تاجون 2025میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 148,023 یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال 2024 کی 103,829 یونٹس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہے۔